آبادی بڑا چیلنج،وزیر اعظم کو فکرلاحق،آبادی کی رفتارکم کرنے کے طریقوں پرغور،بڑوں نے سرجوڑ لئے

اسلام آباد(جانوڈاٹ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ملک کیلئے سب سےبڑاچیلنج ہے۔ملک میں بہبود آبادی کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہوا، جس میں ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی،بہبود آبادی اور نیشنل پاپولیشن کونسل کے اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل پاپولیشن کونسل کا اجلاس جلد بلایا جائے گا جس میں تمام صوبوں، گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ، آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم اور دیگر تمام متعلقہ اداروں کے نمائندے و اسٹیک ہولڈرز شرکت کریں گے تاکہ بہبود آبادی کے حوالےسے جامع حکمت عملی ترتیب دی جاسکے۔اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ نیشنل پاپولیشن کونسل سیکریٹریٹ کے آپریٹنگ طریقہ کار کو تیار کر لیا گیا ہے ۔ نیشنل سٹیبلائزیشن پلان 2026-2035 تیار کیا جا رہا ہے جس میں آبادی بڑھنے کی رفتار کو کم کرنے کے حوالے سے قومی فریم ورک پیش کیا جائے گا ۔ اس پلان کے تحت پاپولیشن گروتھ ریٹ کو موجودہ 2.55 فیصد سے کم کر کے 2035 تک 1.25 فیصد تک لے جانے کا ہدف رکھا جا رہا ہے۔بریفنگ کے مطابق پاپولیشن سٹیبلائیزشن کے نئے فریم ورک کے تحت صحت ، تعلیم ، نوجوان آبادی ، لیبر فورس میں خواتین کی تعداد میں اضافے ، پیشہ ورانہ تربیت اور سماجی تحفظ پر توجہ مرکوز کی جائے گی ۔ وفاقی حکومت کے سماجی تحفظ کے کئی اقدامات کو بہبود آبادی سے مشروط کرنے کے حوالے سے کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔

جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ملک کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ اور بہبود آبادی کو قومی فریضہ سمجھا جانا چاہیے۔شہباز شریف نے کہا کہ آبادی میں توازن ہی پائیدار قومی ترقی کی ضمانت ہے ۔ آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی بہتری سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں

Back to top button