تھر میں مویشیوں میں پراسرار بیماری: بکریوں کے نومولود بچے مرنے لگے، ویکسین اور فوری علاج کا مطالبہ

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھر کے مختلف علاقوں میں مویشیوں، خصوصاً بکریوں کے نومولود بچوں میں ایک پراسرار بیماری پھیلنے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، جس کے باعث متعدد بچے ہلاک ہو چکے ہیں۔ متاثرہ مالداروں کا کہنا ہے کہ اس بیماری سے انہیں بھاری معاشی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے اور غریب مالدار شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ گل حسن سمیجو، امتیاز سمیجو، میانداد سمیجو، قاضی خان سمیجو اور دیگر مالداروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت، محکمہ لائیو اسٹاک اور مخیر حضرات سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر علاقے میں ویٹرنری ڈاکٹروں کی ٹیمیں بھیجی جائیں، بیماری کی تشخیص کی جائے، مفت علاج اور ویکسین کا انتظام کیا جائے تاکہ مزید مویشیوں کو اس بیماری سے بچایا جا سکے۔ واضح رہے کہ تاحال اس بیماری کی سرکاری سطح پر نہ تو تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی اس کی وجوہات کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری کیا گیا ہے، لہٰذا بیماری کی نوعیت اور اسباب کے بارے میں حتمی رائے متعلقہ حکام کی تحقیقات کے بعد ہی سامنے آ سکے گی۔



