جاپان کے تعاون سے کراچی میں جدید سرکاری ایلیمنٹری اسکول کا افتتاح، سندھ میں 74 گرلز اسکول اپ گریڈ کیے جا رہے ہیں

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے جاپان کے تعاون سے تعمیر شدہ گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول رادھو جوکھیو کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی نے بھی شرکت کی اور دونوں شخصیات نے مشترکہ طور پر اسکول کا افتتاح کیا۔

جائیکا (JICA) کے تعاون سے تعمیر ہونے والا یہ گرلز اینڈ بوائز مکس ایلیمنٹری اسکول کراچی کے علاقے گڈاپ میں واقع ہے۔ تقریب میں رکن سندھ اسمبلی راجا عبدالرزاق، ایم پی اے یوسف بلوچ، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندھ زاہد علی عباسی، محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ، طلبہ اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت بین الاقوامی شراکت داری کے ذریعے تعلیمی سہولیات کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جاپان کے تعاون سے دیہی سندھ میں پرائمری گرلز اسکولوں کو ایلیمنٹری اسکولوں میں اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ کامیابی سے جاری ہے، جس سے دور دراز علاقوں میں معیاری تعلیم تک رسائی مزید بہتر ہوگی۔

انہوں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلیمی تعاون کو دونوں ممالک کی مضبوط دوستی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس علاقے میں اسکول تعمیر کیا جا رہا ہے، وہاں کے مکین اس کی حفاظت کے بھی ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے سرکاری اسکولوں کی حفاظت اور بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔

سید سردار علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ کے اسکولوں کی اپ گریڈیشن کے پروگرام میں گرلز اسکولوں کو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ بچیوں کو بہتر اور معیاری تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں۔

اس موقع پر جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی نے کہا کہ تعلیم قوموں کی پائیدار ترقی کا بنیادی راز ہے اور پاکستان و جاپان کے درمیان تعلیمی تعاون ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت اساتذہ اور دیگر عملے کی مؤثر تعیناتی اور بہتر انتظام کو یقینی بنائے گی۔

جاپانی سفیر نے بتایا کہ جاپان نے تین گرانٹ منصوبوں کے تحت سندھ بھر میں مجموعی طور پر 74 گرلز اسکولوں کی اپ گریڈیشن میں تعاون فراہم کیا ہے، جس کا مقصد بچیوں کے لیے معیاری اور محفوظ تعلیمی ماحول مہیا کرنا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button