سعودی عرب میں پاکستانیوں کے لیے نادرا کی بڑی سہولت، موبائل رجسٹریشن ٹیم کا شیڈول جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے خصوصی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے موبائل رجسٹریشن ٹیم کے دورے کا شیڈول جاری کر دیا۔
نادرا کے اعلامیے کے مطابق بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اب نئی شناختی دستاویزات کے اجرا، تجدید اور تبدیلی کی سہولت اپنے رہائشی علاقے کے قریب حاصل کر سکیں گے، تاکہ انہیں طویل سفر اور اضافی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اعلامیے کے مطابق نادرا موبائل رجسٹریشن ٹیم پاکستان ایمبیسی کے تعاون سے سعودی عرب کے شہر الظہران کا دورہ کرے گی، جہاں تمیمی نیو کیمپ، ظہران (ایسٹرن پراونس) میں مقیم پاکستانیوں کے لیے خصوصی کیمپ لگایا جائے گا۔
یہ کیمپ 24 اور 25 جولائی 2026 (جمعہ اور ہفتہ) کو صبح 8:00 بجے سے شام 4:00 بجے تک (مقامی وقت کے مطابق) جاری رہے گا، جہاں پاکستانی شہری شناختی کارڈ سے متعلق مختلف خدمات حاصل کر سکیں گے۔
نادرا کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو شناختی دستاویزات کی بروقت، آسان اور مؤثر فراہمی یقینی بنانا ہے۔



