وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف حکام سے اہم ملاقاتیں، معاشی اصلاحات اور پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے فرسٹ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ڈین کٹز، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نائجل کلارک، مشرق وسطیٰ و وسطی ایشیا کے شعبے کے ڈائریکٹر جہاد ازور اور پاکستان کے لیے مشن چیف ایوا پیٹرووا سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں پاکستان کی میکرو اکنامک صورتحال، ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF)، ریزیلیئنس اینڈ سسٹینبیلٹی فیسلٹی (RSF) اور آئی ایم ایف پروگرام کے تحت جاری اصلاحات پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر خزانہ نے پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے مالیاتی استحکام، بیرونی شعبے میں توازن، محصولات کے اہداف کے حصول، زرمبادلہ کے مضبوط ذخائر، ریکارڈ ترسیلاتِ زر اور کرنٹ اکاؤنٹ میں بہتری کو نمایاں کامیابیاں قرار دیا۔
مذاکرات کے دوران ٹیکس اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات، نجکاری، ٹیرف ریشنلائزیشن، قرضوں کے مؤثر انتظام، مالیاتی ذرائع میں تنوع اور بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں میں پاکستان کی واپسی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے ہیومن کیپیٹل ڈویلپمنٹ، خواتین کی معاشی شمولیت، آبادی سے متعلق چیلنجز، ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی اور نجی شعبے کی قیادت میں برآمدات پر مبنی اقتصادی نمو کے فروغ پر بھی گفتگو کی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اصلاحاتی ایجنڈے پر پاکستان کی پیش رفت کو تسلیم کرنے پر آئی ایم ایف انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مالیاتی نظم و ضبط، پالیسیوں کے تسلسل، ساختی اصلاحات اور طویل المدتی اقتصادی تبدیلی کے ایجنڈے پر ثابت قدم رہے گی۔



