ایرانی وزیر داخلہ کے وفد کا الیکشن کمیشن پاکستان کا دورہ، انتخابی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا دورہ کیا، جہاں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے وفد کا خیرمقدم کیا۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق ایرانی وفد میں گورنرز، وزراء اور ایران کے مختلف اہم سرکاری اداروں کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔ اس موقع پر سیکریٹری الیکشن کمیشن نے وفد کو پاکستان کے آئینی ڈھانچے، انتخابی نظام اور انتخابی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے ایرانی وفد کو الیکشن کمیشن کی ٹریننگ اکیڈمی میں تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات کو انتخابی شعبے میں تعاون کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

بریفنگ کے دوران وفد کو بتایا گیا کہ پاکستان میں انتخابی عمل سرکاری ملازمین اور جوڈیشل افسران کی خدمات کے ذریعے انجام دیا جاتا ہے تاکہ انتخابات شفاف اور منظم انداز میں منعقد کیے جا سکیں۔

اعلامیے کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے مشکل اوقات میں پاکستان کی حمایت کو سراہا اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو ایران کے دورے کی دعوت بھی دی۔

مزید خبریں

Back to top button