اسحاق ڈار اور سری لنکن وزیر خارجہ کی ملاقات، تجارت، دفاع اور علاقائی امن کے فروغ پر اتفاق

منیلا(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں آسیان ریجنل فورم کے موقع پر سری لنکا کے وزیر خارجہ وجیتھا ہیراتھ سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان قریبی، دوستانہ اور دیرینہ تعلقات کی توثیق کرتے ہوئے تجارت، اقتصادی روابط، دفاعی تعاون اور عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر گفتگو کی۔
ملاقات میں ادارہ جاتی روابط میں ہونے والی مثبت پیش رفت اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی و اقتصادی تعاون کو سراہا گیا، جبکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے حالیہ کامیاب دورۂ سری لنکا کو بھی خوش آئند قرار دیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے وفود اور قیادت کے تبادلوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان کے مطابق سری لنکن وزیر خارجہ نے امن، استحکام اور مکالمے کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کا حل مذاکرات اور سفارت کاری میں ہے تاکہ خطے میں دیرپا امن، استحکام اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیا جا سکے۔



