بارشوں نے تباہی مچادی،پنجاب میں17افراد لقمہ اجل بن گئے

لاہور(جانوڈاٹ  پی کے)بارشوں نے تباہی مچادی،صرف پنجاب میں ہی17افرادلقمہ اجل بن گئے۔پنجاب میں مون سون کی شدید بارش نے ایک بار پھر شہری نکاسی آب کے نظام کی استعداد پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں جہاں لاہور میں کئی اہم شاہراہیں اور نشیبی علاقے گھنٹوں زیر آب رہے، ٹریفک شدید متاثر ہوئی اور کھڑے پانی میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے ایک موٹر سائیکل سوار جان کی بازی ہار گیا جبکہ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق مجموعی طور پر 17 افراد جاں بحق اور 107 زخمی ہوچکے ہیں۔متعدد مقامات پر گاڑیاں بند ہو گئیں جبکہ آمدورفت کئی گھنٹے متاثر رہی، لکشمی چوک میں پانی اس قدر جمع ہو گیا کہ علاقہ سیلاب زدہ منظر پیش کرتا رہا جبکہ ایکسپو سینٹر روڈ پر بارش تھمنے کے بعد بھی پانی کی نکاسی میں تاخیر دیکھی گئی۔لاہور میں بارش کے دوران ایک افسوس ناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب سڑک پر کھڑے پانی میں بجلی کی لٹکتی تار کے باعث ایک موٹر سائیکل سوار کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے، واقعے نے بارش کے دوران حفاظتی انتظامات اور بجلی کے نظام سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ، واسا، پی ڈی ایم اے اور دیگر اداروں نے نکاسی آب کا آپریشن کامیاب قرار دیا،

محکمہ آبپاشی کے مطابق دریائے چناب پرمرالہ بیراج میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کی آمد دو لاکھ24ہزار 496 کیوسک اور اخراج دو لاکھ 6 ہزار 496 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، قادرآباد بیراج پر بھی درمیانے جبکہ خانکی بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے تاہم دیگر دریاؤں اور بیراجوں پر صورت حال معمول کے مطابق بتائی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button