رواں سال خسرہ سے 102 اموات، سندھ سب سے زیادہ متاثر

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) ملک بھر میں رواں سال خسرہ (Measles) کے باعث 102 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں، جبکہ سندھ اس مرض سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ بن کر سامنے آیا ہے۔
وفاقی وزارتِ صحت کے ذرائع کے مطابق خسرہ سے ہونے والی اموات میں سندھ میں 53، خیبرپختونخوا میں 27، پنجاب میں 15 اور بلوچستان میں 7 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں رواں سال خسرہ کے 11 ہزار 192 مشتبہ کیسز سامنے آئے، جن میں سے 2 ہزار 126 کی تصدیق ہوئی۔
سندھ میں 7 ہزار 105 مشتبہ کیسز میں سے 2 ہزار 280 مثبت قرار پائے، جبکہ خیبرپختونخوا میں 8 ہزار 912 مشتبہ کیسز میں سے 3 ہزار 199 مریضوں میں خسرہ کی تصدیق ہوئی۔
اسی طرح بلوچستان میں 858 مشتبہ کیسز میں سے 349 مثبت ثابت ہوئے۔
وزارتِ صحت کے ذرائع کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں 616 مشتبہ کیسز میں سے 216 جبکہ گلگت بلتستان میں 230 مشتبہ کیسز میں سے 64 مثبت رپورٹ ہوئے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رواں سال 153 مشتبہ کیسز سامنے آئے، جن میں سے 85 مریضوں میں خسرہ کی تصدیق ہوئی۔
طبی ماہرین کے مطابق خسرہ کی نمایاں علامات میں تیز بخار، جسم پر سرخ دانے، کھانسی، نزلہ اور آنکھوں میں سوزش شامل ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پانچ سال سے کم عمر بچے اور غذائی قلت کا شکار بچے اس بیماری سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
ماہرین نے والدین پر زور دیا ہے کہ بچوں کی بروقت خسرہ سے بچاؤ کی ویکسینیشن یقینی بنائیں اور علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی طبی مرکز سے رجوع کریں۔



