کمالیہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ بیوٹیفکیشن منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات، وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کمالیہ اور ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جاری بیوٹیفکیشن منصوبوں میں مبینہ طور پر ناقص تعمیراتی میٹریل کے استعمال اور ممکنہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے چار رکنی اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
سرکاری احکامات کے مطابق کمیٹی کو تین روز کے اندر تحقیقات مکمل کر کے اپنی جامع رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی کمالیہ سمیت ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مختلف علاقوں میں جاری بیوٹیفکیشن منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کرے گی۔ اس دوران منصوبوں پر ہونے والے تعمیراتی کام، استعمال کیے گئے میٹریل، تعمیراتی معیار، تکنیکی پہلوؤں اور انتظامی معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔
حکومت پنجاب نے چیئرمین وزیراعلیٰ انسپیکشن ٹیم (CMIT) کو انکوائری کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا ہے، جبکہ ڈی جی مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ اس کے علاوہ سی ایم آئی ٹی کے ایک رکن اور کنوینر کی جانب سے نامزد ایک اور رکن بھی کمیٹی میں شامل ہوگا۔
کمیٹی متعلقہ منصوبوں کے ٹینڈرز، تعمیراتی ریکارڈ، دستاویزات اور دیگر متعلقہ امور کا بھی جائزہ لے گی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ تعمیراتی میٹریل مقررہ معیار کے مطابق استعمال کیا گیا یا نہیں، اور منصوبوں پر عملدرآمد کے دوران کسی قسم کی غفلت یا بے ضابطگی تو نہیں ہوئی۔
حکومت پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ اگر تحقیقات کے دوران ناقص میٹریل، غیر معیاری تعمیر، مالی یا انتظامی بے ضابطگیاں یا کسی افسر یا ٹھیکیدار کی غفلت سامنے آئے تو ذمہ دار افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے مناسب سفارشات بھی رپورٹ کا حصہ بنائی جائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق انکوائری کمیٹی اپنی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی اور انتظامی کارروائی کے لیے سفارشات بھی پیش کرے گی۔



