کویت میں دو امریکی فوجی اڈوں پر ایران کے ڈرون حملے

تہران(ویب ڈیسک) ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فوج نے آپریشن "لائٹننگ” کے سولہویں مرحلے کے دوران کویت میں قائم دو امریکی فوجی اڈوں کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا، جبکہ شمالی عراق میں بھی مسلح گروپوں کے ٹھکانوں پر کارروائیاں کی گئی ہیں۔
ایرانی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق العدیری کیمپ میں واقع ایک اسلحہ ڈپو اور علی السالم ایئر بیس پر نصب پیٹریاٹ ریڈار سسٹم اور فضائی نگرانی کے ایک ریڈار کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملے ایران پر ہونے والے امریکی حملوں کے جواب میں کیے گئے، جن میں ان کے بقول شہری علاقوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
تاہم، اس خبر کے اجرا تک کویت کی حکومت، کویتی فوج یا امریکی حکام کی جانب سے ایرانی دعووں کی کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی عراق کے کرد علاقے میں موجود کردستان فریڈم پارٹی کے مبینہ ٹھکانوں پر بھی شدید حملے کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق یہ کارروائیاں اربیل اور سلیمانیہ کے قریب واقع اہداف پر کی گئیں، تاہم جانی یا مالی نقصانات کی تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔
ادھر امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ عراق کے شہر اربیل میں امریکی قونصل خانے کے قریب بارود سے بھرا ایک ڈرون مار گرایا گیا، تاہم اس واقعے کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔



