ملائیشیا میں کوئی اسرائیلی پایا گیا تو اسے فوراً ملک بدر کیا جائے گا:انور ابراہیم

کولالمپور(جانوڈاٹ پی کے)ملائیشیا کے وزیرِاعظم انور ابراہیم نے کہا ہے کہ اگر ملک میں کوئی اسرائیلی شہری پایا گیا تو اسے فوری طور پر ملک بدر کر دیا جائے گا۔
انور ابراہیم نے کہا کہ حکام جنوبی ریاست جوہر میں ایک نجی رہائشی کمیونٹی کی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر اسرائیلی شہریوں کی شمولیت کے الزامات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے اس معاملے کی چھان بین کر رہے ہیں اور اگر الزامات درست ثابت ہوئے تو حکومت کسی قسم کی رعایت نہیں دے گی۔
وزیراعظم انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں کوئی اسرائیلی ملا تو ہم اسے فوری طور پر ڈی پورٹ کر دیں گے کیونکہ ہم اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتے۔
ترک میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ملائیشیا میں داخلے کی اجازت نہیں دی جاتی کیونکہ ملائیشیا اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا، تاہم خصوصی اجازت کی صورت میں استثنیٰ دیا جاسکتا ہے۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ریاستی حکومت نے ’نیٹ ورک اسکول‘ نامی ایک اسٹارٹ اپ کمیونٹی سے متعلق الزامات پر وفاقی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیا جس کے بعد وزارتِ داخلہ نے باقاعدہ انکوائری شروع کر دی۔



