ڈیپلو تھانے کے نئے ایس ایچ او کا منفرد آغاز، قرآن خوانی اور امن و انصاف کے لیے خصوصی دعا کا اہتمام

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر کے ڈیپلو تھانے میں تعینات ہونے والے نئے ایس ایچ او دودو آریسر نے چارج سنبھالنے کے بعد روایتی طرزِ عمل سے ہٹ کر ایک منفرد اقدام کرتے ہوئے تھانے میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا، جس کے بعد امن، انصاف، عوامی بھلائی اور علاقے کی خوشحالی کے لیے خصوصی اجتماعی دعا کی گئی۔

عام طور پر نئے ایس ایچ او عہدہ سنبھالتے ہی جرائم پیشہ افراد کی فہرستوں یا زیرِ التوا مقدمات کا جائزہ لیتے ہیں، تاہم دودو آریسر نے اپنی ذمہ داریوں کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت اور دعا سے کیا، جسے مقامی حلقوں نے مثبت اور خوش آئند اقدام قرار دیا۔

شہریوں اور سماجی حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری ذمہ داریوں کا آغاز روحانی ماحول میں کرنا ایک اچھی روایت ہے، جس سے انصاف، دیانت داری اور عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ مل سکتا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس روحانی آغاز کے ساتھ نئے ایس ایچ او قانون کی بلاامتیاز عملداری کو یقینی بنائیں گے، حق و انصاف کے تقاضے پورے کریں گے اور شہریوں کو بروقت انصاف اور مؤثر پولیسنگ فراہم کریں گے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ ڈیپلو تھانے میں عوام دوست رویہ، شفاف کارروائیاں اور قانون کی یکساں عملداری علاقے میں امن و امان کے قیام اور پولیس پر عوام کے اعتماد میں اضافے کا باعث بن سکتی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button