پنجاب حکومت نوجوانوں کے خواب پورے کرے گی، ایک لاکھ لیپ ٹاپ اور 50 ہزار مزید ہونہار اسکالرشپس کا اعلان، مریم نواز

لاہور\عارف والا (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کے خوابوں کی تعبیر تک ان کا ساتھ دے گی، جبکہ تعلیم، جدید ٹیکنالوجی اور مساوی مواقع کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

عارف والا میں نواز شریف سکول آف ایمیننس کے 10 سکولوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ باصلاحیت طلبہ کی مالی مشکلات کو تعلیم میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا، اسی مقصد کے لیے ہونہار اسکالرشپ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور حکومت انہیں ہر ممکن وسائل اور مواقع فراہم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری سکولوں کو جدید تعلیمی اداروں میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ غریب اور امیر کے بچوں کو یکساں معیاری تعلیم اور سہولتیں میسر آسکیں۔

مریم نواز نے والدین سے اپیل کی کہ بارشوں کے موسم میں بچوں کو غیر محفوظ مقامات پر نہ بھیجیں۔ انہوں نے حالیہ حادثات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بچے کے کھلے مین ہول، نالے یا ریلوے ٹریک پر حادثے کا شکار ہونے کی خبر انتہائی تکلیف دہ ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کھلے مین ہولز بند کرنے کی مسلسل ہدایات دے رہی ہے، تاہم بعض عناصر ان کے ڈھکن چرا لیتے ہیں، جس سے شہریوں کی جانیں خطرے میں پڑ جاتی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے 13 کروڑ عوام اور لاکھوں طلبہ کی ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے، اسی لیے تعلیم اور طلبہ کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محفوظ سفری سہولت کی فراہمی کے لیے گرین الیکٹرک بسوں کا دائرہ بھی مسلسل بڑھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے پر فخر کریں، کیونکہ حکومت ان اداروں کو نجی تعلیمی اداروں کے معیار کے مطابق بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ نواز شریف سکول آف ایمیننس میں داخلوں کے لیے غیرمعمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی، جہاں ایک ہزار نشستوں کے لیے پانچ ہزار سے زائد طلبہ نے ٹیسٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان سکولوں میں ایک مزدور کا بچہ بھی تعلیم حاصل کرے گا اور ایک سرکاری افسر کا بچہ بھی، کیونکہ کامیابی کا معیار صرف صلاحیت ہونا چاہیے، دولت نہیں۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ طلبہ کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ اور مزید 50 ہزار ہونہار اسکالرشپس دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں 40 ارب روپے کی لاگت سے بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، جن میں نئے کلاس رومز، فرنیچر، صاف پانی، باتھ رومز، پنکھے اور دیگر ضروری سہولتیں شامل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت سائنس، ٹیکنالوجی، ریاضی، کمپیوٹر، آئی ٹی اور پہلی مرتبہ مصنوعی ذہانت (AI) لیبز قائم کر رہی ہے تاکہ طلبہ مستقبل کی جدید مہارتوں سے آراستہ ہو سکیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو اے آئی، مشین لرننگ اور روبوٹکس سیکھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ یہی مہارتیں آنے والے دور میں کامیابی کی بنیاد بنیں گی۔

تقریب سے خطاب کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں تعلیمی انقلاب کا آغاز ہو چکا ہے اور جلد ہی صوبے بھر میں 300 جدید سکول قائم کیے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button