وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا موٹروے ایم-5 کا دورہ، ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے اور عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت

ملتان(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹروے ایم-5 کے جلال پور پیر والا سیکشن کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو کام بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
دورے کے موقع پر سیکریٹری مواصلات اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔
ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ موٹروے پر جاری تمام ترقیاتی منصوبے بغیر کسی تاخیر کے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو جلد بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
وفاقی وزیر نے موٹروے ایم-5 کے سروس اور ریسٹ ایریاز کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے نئے تعمیر شدہ ریسٹ رومز، کچنز اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ موٹروے استعمال کرنے والے مسافر بہترین سہولیات کے مستحق ہیں، اس لیے ریسٹ ایریاز میں عالمی معیار کی سہولیات اور خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
عبدالعلیم خان نے سروس ایریا میں زیرِ تعمیر مسجد کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام تیز کر کے مسجد کو ہنگامی بنیادوں پر جلد مکمل کیا جائے۔
وفاقی وزیر نے اشیائے خوردونوش کے معیار پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی صحت اور اطمینان حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے سروس ایریاز پر دستیاب کھانے پینے کی اشیا کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ موٹروے سروسز، صفائی اور خوراک کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اور مسلسل مانیٹرنگ سسٹم قائم کیا جائے تاکہ مسافروں کو ہر وقت معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔



