پنجاب کے 5 اضلاع میں گرین الیکٹرک بس سروس کا آغاز، وزیراعلیٰ مریم نواز نے افتتاح کر دیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے پانچ اضلاع میں گرین الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، جسے پنجاب میں جدید، ماحول دوست اور کم خرچ پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ لیہ، چنیوٹ، سیالکوٹ، اوکاڑہ اور مری میں گرین الیکٹرک بس سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ پنجاب کے تمام شہروں اور تحصیلوں میں مرحلہ وار الیکٹرک بسیں متعارف کرائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو آرام دہ، محفوظ اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے اور یہ منصوبہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ مری میں بھی پہلی مرتبہ الیکٹرک بس سروس شروع کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ الیکٹرک بسوں میں بزرگ شہریوں، خواتین اور طلبہ کے لیے خصوصی رعایتی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس جدید سفری نظام سے مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی 101 نئی الیکٹرک بسیں بھجوائی جا رہی ہیں، جبکہ آئندہ پانچ برسوں میں صوبہ بھر میں 5 ہزار الیکٹرک بسیں چلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں پنجاب بھر کے عوام کو مزید جدید، معیاری اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔



