39 روز بعد بلوچستان کے سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز بحال، ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج مؤخر کر دیا

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) بلوچستان نے اپنا احتجاج عارضی طور پر مؤخر کرتے ہوئے آج سے صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز اور دیگر طبی سہولیات بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

وائی ڈی اے کے ترجمان کے مطابق کمشنر کوئٹہ اور ڈپٹی کمشنر کی درخواست پر احتجاج مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد آج سے بلوچستان کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں معمول کے مطابق او پی ڈیز اور دیگر طبی خدمات دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔

ترجمان نے کہا کہ عوامی مفاد اور موجودہ امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے احتجاج کو عارضی طور پر مؤخر کیا گیا ہے، تاہم ڈاکٹرز کے مطالبات بدستور برقرار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مطالبات پر عمل درآمد نہ ہوا تو احتجاج دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

دوسری جانب کمشنر کوئٹہ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان ثالثی اور مذاکرات کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ مسائل کو باہمی مشاورت سے حل کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے مطالبات کے حق میں 39 روز سے بلوچستان کے سرکاری ہسپتالوں میں سروسز کا بائیکاٹ جاری تھا، جس سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید خبریں

Back to top button