وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا رات گئے تھانہ یونیورسٹی ٹاؤن کا اچانک دورہ، پولیس کو عوام دوست رویہ اپنانے کی ہدایت

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے رات گئے بغیر پروٹوکول پشاور کے تھانہ یونیورسٹی ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا اور تھانے کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔

دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے حوالات میں موجود افراد سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور زیرِ حراست افراد کے ساتھ روا رکھے جانے والے رویے کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

انہوں نے تھانے میں تعینات پولیس اہلکاروں سے بھی گفتگو کی اور ان کے پیشہ ورانہ امور، ڈیوٹی کے حالات اور درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ تھانہ عوام کے لیے انصاف اور تحفظ کی پہلی دہلیز ہے، اس لیے ہر شہری کو عزت، سہولت اور فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ زیرِ حراست افراد کے ساتھ انسانی وقار، قانون اور آئین کے مطابق برتاؤ کیا جائے اور ان کے تمام قانونی حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ تھانے آنے والے ہر شہری کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے، ان کی شکایات توجہ سے سنی جائیں اور فوری و مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق شفاف، باوقار اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ ریاستِ مدینہ کے تصور کے مطابق کمزور اور بے سہارا افراد کے حقوق کا تحفظ اور مساوی انصاف ہی ریاست کی اصل طاقت ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوام دوست، جوابدہ اور خدمت پر مبنی پولیسنگ کے فروغ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔

مزید خبریں

Back to top button