اراکینِ پارلیمنٹ کے اہلِ خانہ کو بلیو پاسپورٹ دینے کا بل شرمناک ہے، احسن اقبال

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے اراکینِ پارلیمنٹ کی مراعات میں اضافے اور ان کے اہلِ خانہ کو بلیو پاسپورٹ جاری کرنے سے متعلق ترمیمی بل پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے "شرمناک” قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ سینیٹ کی متعلقہ کمیٹی کی جانب سے اراکینِ پارلیمنٹ کی اہلیہ اور 28 سال تک کے بچوں کو بلیو پاسپورٹ دینے سے متعلق بل کی منظوری انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرین پاسپورٹ پاکستان کی شناخت، وقار اور قومی شان کی علامت ہے اور ایسے قوانین قومی وقار کو مجروح کرتے ہیں، اسی لیے وہ اس تجویز کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ قومی مفاد کے منافی مراعات دینے کے بجائے حکومت اور پارلیمنٹ کو عوامی فلاح و بہبود، معاشی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دینی چاہیے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں کی ذمہ داری عوام کی خدمت ہے، اس لیے ایسے اقدامات سے گریز کیا جانا چاہیے جو غیر ضروری مراعات کے تاثر کو فروغ دیں۔

مزید خبریں

Back to top button