گلیشیئر پگھلنے کا اثر: دریائے سندھ میں پانی کی آمد میں نمایاں اضافہ، چشمہ بیراج کے تمام 52 سپل ویز کھول دیے گئے


کندیاں(جانوڈاٹ پی کے) گلیشیئر پگھلنے کے باعث دریائے سندھ میں کندیاں کے قریب پانی کی آمد ایک بار پھر بڑھ گئی، جس کے نتیجے میں چشمہ بیراج پر پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چشمہ بیراج میں پانی کی آمد میں 22 ہزار کیوسک اضافہ ہوا، جس کے بعد پانی کی آمد 2 لاکھ 40 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی، جبکہ پانی کا اخراج 2 لاکھ 32 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ چشمہ بیراج میں پانی کی سطح 646 فٹ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ بیراج سے ملحقہ دریائے سندھ کی تمام جھیلیں پانی سے بھر گئی ہیں۔
بڑھتے ہوئے پانی کے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے چشمہ بیراج کے تمام 52 سپل ویز کھول دیے گئے ہیں تاکہ اضافی پانی کا بہاؤ محفوظ طریقے سے آگے منتقل کیا جا سکے۔
متعلقہ ادارے دریائے سندھ کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی جا رہی ہے۔