شاہ رخ خان کے بنگلے’’منت‘‘ کی تزئین و آرائش کے خلاف درخواست مسترد

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی سپریم کورٹ نے بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی ممبئی میں واقع رہائش گاہ ’’منت‘‘ کی تزئین و آرائش کو چیلنج کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔
سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے درخواست گزار کی نیت پر بھی سوال اٹھایا۔
واضح رہے کہ ممبئی کے ایک رہائشی نے مذکورہ بالا درخواست دائر کی تھی جس میں شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان کے سمندر کنارے واقع باندرہ کے بنگلے منت کی تزئین و آرائش کے لیے دی گئی منظوری کو چیلنج کیا گیا تھا۔
سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ لوگ قانون کے مطابق اپنے گھروں کی تعمیر و مرمت یا تزئین و آرائش کر سکتے ہیں۔
درخواست گزار نے الزام عائد کیا تھا کہ منصوبے کے لیے ضروری قانونی منظوری اور ماحولیاتی قوانین پر عمل نہیں کیا گیا۔
درخواست گزار کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل شعیب عالم نے مؤقف اختیار کیا کہ وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی سے منظوری حاصل کرنا ضروری تھی اور اس حوالے سے خلاف ورزیاں اب بھی جاری ہیں۔
چیف جسٹس سوریا کانت نے اپنی آبزرویش میں کہا کہ یہ بنگلہ ایک نجی رہائش گاہ ہے اور اگر اس کے مکین اس میں تبدیلیاں یا تزئین و آرائش کرنا چاہتے ہیں تو وہ قانون کی پیروی کرتے ہوئے ایسا کر سکتے ہیں۔
وکیل نے معاملہ دوبارہ نیشنل گرین ٹریبونل کو بھیجنے کی درخواست کی، لیکن سپریم کورٹ نے یہ درخواست منظور نہیں کی۔
عدالت نے کہا کہ اس معاملے میں کسی شخص کی مقبولیت یا مشہور شخصیت ہونے سے متاثر نہیں ہوا جائے گا۔
اس سے قبل نیشنل گرین ٹریبونل نے یہ اپیل مسترد کرتے ہوئے اپنے حکم میں کہا تھا کہ یہ منصوبہ ماحولیاتی قوانین کے مطابق ہے اور ضوابط کے تحت ضروری منظوری حاصل کی جا چکی ہے۔



