شزا فاطمہ کا رات گئے اسلام آباد کے پیٹرول پمپس کا اچانک دورہ، فیول ریلیف کی فراہمی کا جائزہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر شزا فاطمہ نے وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت عوام کو رعایت کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لیے رات گئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف پیٹرول پمپس کا اچانک دورہ کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے شہریوں سے ملاقات کرکے رجسٹریشن کے عمل اور فیول ریلیف کے حصول میں درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا، جبکہ عوام کو درست رجسٹریشن کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی۔

شزا فاطمہ نے شہریوں کو واضح کیا کہ فیول ریلیف کے لیے رجسٹریشن صرف ایک مرتبہ کرانا ضروری ہے، اسے دوبارہ دہرانے کی ضرورت نہیں۔

وفاقی وزیر نے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام اہل اور رجسٹرڈ شہریوں کو فیول ریلیف کی سہولت بلا تعطل فراہم کی جائے اور اس حوالے سے کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہ کی جائے۔

انہوں نے پیٹرول پمپس پر رعایتی نرخوں پر پیٹرول فراہم کرنے میں ٹال مٹول یا انکار کرنے والے عناصر کے خلاف سخت نگرانی اور مؤثر کارروائی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔

مزید خبریں

Back to top button