سجاول: پانی کی قلت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالنے پر قومپرست رہنماؤں سمیت متعدد افراد پر مقدمہ درج

سجاول (جانوڈاٹ پی کے) سجاول میں پانی کی شدید قلت اور دریائے سندھ کے پانی پر مبینہ ڈاکے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالنے اور دھرنا دینے پر قومپرست رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ یہ ایف آئی آر سجاول تھانے میں سرکاری مدعیت میں درج کی گئی ہے جس میں 11 افراد کو نامزد جبکہ 15 سے 20 نامعلوم افراد کو شامل کیا گیا ہے۔
مقدمے میں نامزد کیے جانے والے معروف رہنماؤں میں ڈاکٹر نیاز کالانی، پنہل ساریو، آصف بالادی، جمیل دھونکائی، اکبر مری، مجید آزاد، نظیر لغاری، منظور میمن، نواز خان زینور، ممتاز زینور اور محمد خان پٹھان شامل ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق، مظاہرین پر احتجاج کے دوران اہم شاہراہ بلاک کر کے ٹریفک معطل کرنے اور سرکاری ڈیوٹی میں مداخلت سمیت دیگر دفعات عائد کی گئی ہیں۔ پولیس کا مؤقف ہے کہ دھرنے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور سرکاری امور میں رکاوٹ ڈالی گئی۔



