موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے وفاق اور پنجاب کا بڑا فیصلہ: "پنجاب کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس پلان 2026” پیش

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے ملاقات کی، جس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری، چیئرمین این ڈی ایم اے (NDMA)، ایس ایم بی آر اور پی ڈی ایم اے (PDMA) کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران موسمیاتی آفات سے بچاؤ کے لیے "پنجاب کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس پلان 2026” پیش کیا گیا۔ وفاق اور پنجاب کے درمیان شدید موسمیاتی اثرات سے نمٹنے کے لیے ایک جدید ‘ارلی وارننگ سسٹم’ پر اتفاق کیا گیا، جس کے تحت کسی بھی ہنگامی موسمی صورتحال سے کم از کم 6 گھنٹے قبل باہمی رابطہ قائم کیا جائے گا۔ اجلاس میں اضلاع میں سینٹرلائزڈ انفارمیشن اسکرینز کی تنصیب، مون سون و سیلاب سے نمٹنے کے لیے موک ایکسرسائزز، پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے کے مابین بہتر روابط، جامع ہیٹ ویو ایڈوائزری، کنٹرولڈ ٹورازم اور اضلاع کی لاجسٹکس صلاحیت بڑھانے کے فیصلے کیے گئے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ بڑے سیلاب کے باوجود صوبے میں بروقت اقدامات کی وجہ سے کوئی وبا نہیں پھیلی؛ کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتال فوری متحرک کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ واسا اور ویسٹ مینجمنٹ کا دائرہ کار پورے پنجاب میں پھیلا دیا گیا ہے اور واٹر اسٹوریج کی صلاحیت بڑھائی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارتی آبی جارحیت کے باوجود پنجاب نے بہترین مینجمنٹ کی، اور وزیراعظم کی ہدایت پر تمام صوبوں کو ساتھ ملا کر کلائمیٹ پلان پر کام کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں سیلاب سے بچاؤ کے مختلف بندوں کی بحالی اور پی ڈی ایم اے کے لیے جدید آلات کی خریداری کا جائزہ بھی پیش کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button