ماتلی میں ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کا مفت طبی کیمپ، 75 سے زائد افراد کی اسکریننگ اور شہریوں کو ویکسین کی فراہمی

ماتلی(ایم آر گدی\جانوڈاٹ پی کے) تعلقہ اسپتال ماتلی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر گلاب حسین کشمیری کی سرپرستی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے منتخب کونسلر حاجی سیاں کشمیری کے تعاون سے پاکستانی چوک، کشمیری محلہ میں ہیپاٹائٹس بی اور سی سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور عوامی آگاہی کے لیے ایک روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
کیمپ میں سینکڑوں مرد، خواتین اور نوجوانوں نے شرکت کی، جہاں 75 سے زائد افراد کے ہیپاٹائٹس سی کے مفت اسکریننگ ٹیسٹ کیے گئے جبکہ شہریوں کو حفاظتی ویکسین بھی بلا معاوضہ فراہم کی گئی۔
طبی ماہرین نے کیمپ کے دوران شرکاء کو ہیپاٹائٹس سے بچاؤ، صفائی ستھرائی، محفوظ طبی طریقہ کار اور احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی دی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر گلاب حسین کشمیری نے کہا کہ ہیپاٹائٹس ایک خاموش مگر خطرناک بیماری ہے، تاہم بروقت تشخیص اور مکمل علاج کے ذریعے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جن افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، انہیں مزید تشخیص اور علاج کے لیے تعلقہ اسپتال ماتلی سے منسلک کیا جا رہا ہے، جہاں سرکاری پالیسی کے تحت مکمل طبی معائنہ، ادویات اور علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
ڈاکٹر گلاب حسین کشمیری کا کہنا تھا کہ ایسے مفت طبی کیمپ عوام تک صحت کی بنیادی سہولیات پہنچانے، خطرناک بیماریوں کی بروقت نشاندہی اور احتیاطی شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی صحت کے تحفظ کے لیے باقاعدگی سے طبی معائنہ کروائیں اور محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کی جانے والی مفت سہولتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
اس موقع پر کونسلر حاجی سیاں کشمیری نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود اور صحت عامہ کے فروغ کے لیے آئندہ بھی ایسے مفت طبی کیمپ اور آگاہی پروگرام جاری رکھے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری مستفید ہو سکیں۔



