پاکستان آج عالمی یومِ جمہوریت منا رہا ہے، آئین شہریوں کے بنیادی حقوق کا محافظ ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان آج اقوام عالم کے ساتھ مل کر عالمی یومِ جمہوریت منا رہا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آئین پاکستان تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی یومِ جمہوریت جمہوریت کی بنیادی اقدار، مساوات، انصاف اور آزادی کے فروغ، عوامی رائے کے احترام، انسانی وقار کے تحفظ اور قانون کی بالادستی سے وابستگی کے اعادے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام میں اختیارات عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے عوامی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں، جبکہ پارلیمان ملک کا مرکزی جمہوری ادارہ ہے جو عوام کی نمائندگی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان ریاست اور شہریوں کے باہمی تعلق کو قانونی شکل دیتا ہے، جبکہ آرٹیکل 25 ہر شہری کے مساوی حقوق اور قانون کی نظر میں برابری کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق پاکستان کا وفاقی پارلیمانی جمہوری نظام عوامی مفاد اور اسلامی اساس کے مطابق قانون سازی کا اختیار دیتا ہے۔ بدلتے ہوئے حالات اور عوامی ضروریات کے مطابق قوانین وضع کرنا پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ دور کے چیلنجز کا مؤثر مقابلہ اور خوشحال مستقبل یقینی بنانے کے لیے بنیادی جمہوری اقدار کو مضبوطی سے برقرار رکھنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان قومی زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی بھرپور شرکت کے عزم کا اظہار کرتا ہے، جبکہ وفاقی اور صوبائی قانون ساز اداروں میں خواتین کی مؤثر نمائندگی کے لیے مخصوص نشستیں مختص ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ریاست اقلیتوں کے حقوق، فرائض اور مفادات کے تحفظ کی پابند ہے، اسی مقصد کے لیے وفاقی اور صوبائی قانون ساز اداروں میں غیر مسلم اقلیتوں کے لیے بھی مخصوص نشستیں رکھی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی سطح پر اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ اور جمہوری اصولوں کی مکمل حمایت کرتا ہے، جبکہ پائیدار ترقی کے اہداف، امن و انصاف اور مضبوط اداروں کے قیام کے لیے بھی مربوط کوششیں جاری ہیں۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں پارلیمانی روایات سے ہم آہنگ جمہوری اقدار کے فروغ، شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لیے مشترکہ سفر جاری رکھا جائے گا۔



