امریکا نے دہشتگرد انتظامیہ قائم کر رکھی ہے، بے گناہوں کو نشانہ نہ بنایا جائے، ایرانی صدر


تہران(ویب ڈیسک) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ امریکیوں نے ایک دہشتگرد انتظامیہ قائم کر رکھی ہے۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ دنیا بھر میں جسے چاہتی ہے قتل کر دیتی ہے، اگر امریکا انسانی حقوق کا حقیقی علمبردار ہے تو پھر بچوں اور ہسپتالوں کو کیوں نشانہ بنایا جاتا ہے؟
ایرانی صدر نے کہا کہ اگر امریکا کو میدان جنگ میں لڑنے کا حوصلہ ہے تو سامنے آکر مقابلہ کرے، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بے گناہ لوگوں کو محروم اور بے گھر نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے امریکی پابندیوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا راستے روکتا اور پابندیاں عائد کرتا ہے، تاہم ان ظالمانہ پابندیوں کا سب سے زیادہ خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔
مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ محب وطن ہونے کا دعویٰ کرنے والے عناصر دوسروں کو بھی برے اقدامات پر اکساتے ہیں۔