امریکی حملوں کے خلاف ایران کا اقوام متحدہ سے رجوع، سلامتی کونسل اور سیکرٹری جنرل کو احتجاجی خطوط ارسال

تہران(ویب ڈیسک) ایران نے حالیہ امریکی حملوں کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو الگ الگ احتجاجی خطوط ارسال کر دیے ہیں۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے اپنے خطوط میں مؤقف اختیار کیا کہ امریکہ نے ایک بار پھر ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں کی ہیں۔

ایرانی مندوب نے کہا کہ امریکی حملے اقوام متحدہ کے منشور اور واشنگٹن کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ کارروائیاں اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 2 کی شق 4 سے بھی متصادم ہیں۔

امیر سعید ایروانی نے اپنے خطوط میں مزید مؤقف اپنایا کہ امریکی حملے 16 جون کو طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی پہلی شق کی بھی خلاف ورزی ہیں۔

ایران نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاملے کا نوٹس لے اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

مزید خبریں

Back to top button