اقوام متحدہ کا امریکا اور ایران پر کشیدگی کم، مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر زور


نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکا اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کریں اور مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع کریں۔
اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے نیوز بریفنگ کے دوران بتایا کہ انتونیو گوتریس نے تمام متعلقہ فریقوں سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے اور ایسے اقدامات سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے جو صورتحال کو مزید کشیدہ بنا سکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے سربراہ نے فوری طور پر کشیدگی میں کمی کے لیے عملی اقدامات اٹھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں امن کے لیے سفارت کاری ہی سب سے مؤثر راستہ ہے۔
انتونیو گوتریس کا مؤقف ہے کہ مسائل کے پائیدار حل کے لیے مذاکرات اور بات چیت کو ترجیح دی جانی چاہیے، جبکہ تمام فریقین کو محاذ آرائی کے بجائے سفارتی راستہ اختیار کرنا ہوگا۔