آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی کوشش کی تو امریکہ فوجی کارروائی کرے گا، جے ڈی وینس

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تہران نے آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی کوشش کی تو امریکہ فوجی کارروائی کرے گا۔
واشنگٹن ڈی سی میں پریس بریفنگ کے دوران جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران کی جانب سے اہم بحری گزرگاہ کو بند کرنے یا بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش کا امریکی فوج کی جانب سے بھرپور جواب دیا جائے گا۔
امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ امریکہ نے واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ اگر ایران بحری جہازوں پر حملے روک دیتا ہے تو امریکی ناکہ بندی ختم کر دی جائے گی، تاہم حملے جاری رہنے کی صورت میں واشنگٹن سخت ردعمل دے گا۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران کے پاس دو راستے ہیں، پہلا یہ کہ وہ معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کو کھلا رکھے اور جہازوں پر حملے بند کرے، بصورت دیگر اسے مسلسل امریکی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ صورتحال اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ایران آبنائے ہرمز کو کھولنے اور بحری جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کے لیے اقدامات نہیں کرتا۔



