ایران کیساتھ جنگ بندی ختم،مزیدمذاکرات وقت کا ضیاع ہیں،اب ہمیں اپناکام کرنا ہوگا،ڈونلڈ ٹرمپ

انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی ختم ہو چکی ہے اور اب تہران کے ساتھ مزید معاملات کرنا وقت کا ضیاع ہے۔
انقرہ میں نیٹو سیکرٹری جنرل جنرل مارک روٹے کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ نیٹو چیف کے ساتھ تعمیری مذاکرات ہوئے، نیٹو امریکا کا اہم شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے ایران کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے معاملے پر بات کی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران کے خلاف امریکا کی مدد کے لیے آگے نہیں آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو مدد کی ضرورت نہیں تھی لیکن وہ نیٹو ممالک کا امتحان لے رہے تھے، امریکا 100 فیصد فنڈنگ کر رہا تھا جبکہ کچھ ممالک اپنا حصہ ادا نہیں کر رہے تھے۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران نے سعودی عرب اور دیگر ممالک کے طیاروں کو نشانہ بنایا، جس کے جواب میں امریکی فوج نے کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی تمام قیادت ختم کر دی گئی اور اب وہاں نئی قیادت موجود ہے۔
جنگ بندی سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ "میرے خیال میں جنگ بندی ختم ہو چکی ہے، میں اب ایران کے ساتھ مزید معاملہ نہیں کرنا چاہتا، ہم نے ایران کے معاملے میں بہت وقت ضائع کیا، اب ہمیں اپنا کام کرنا ہوگا۔”
دوسری جانب امریکی صدر نے اسپین کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اچھا شراکت دار نہیں، امریکا نے اسپین کے ساتھ تجارت ختم کر دی ہے اور اب وہ دوبارہ تجارت کے لیے درخواست کر رہا ہے۔



