کراچی میں دلخراش واقعہ، 6 سالہ بچے کی بوری بند لاش برآمد، مبینہ زیادتی و قتل کا ملزم گرفتار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) لی مارکیٹ پنجابی محلے میں 6 سالہ بچے محمد ولی کے لاپتا ہونے کے بعد بوری بند لاش گھر کے قریب سے برآمد ہوئی، جبکہ پولیس نے مبینہ طور پر قتل میں ملوث پڑوسی کو گرفتار کر لیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق محمد ولی پیر کی شام چیز لینے کے لیے گھر سے نکلا تھا، جس کے بعد وہ لاپتا ہو گیا۔ منگل اور بدھ کی درمیانی شب بچے کی لاش ایک بوری میں بند حالت میں گھر کے قریب سے ملی۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق اہل علاقہ نے مبینہ ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا، گرفتار شخص بچے کا پڑوسی ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر بچے کو زیادتی کے بعد قتل کیا۔

پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

غم سے نڈھال بچے کی والدہ نے الزام عائد کیا کہ ان کے بیٹے کی لاش بوری میں بند کر کے عمارت سے نیچے پھینکی گئی۔

بچے کے والد نے بتایا کہ وہ رکشہ چلاتے ہیں اور ان کا بیٹا پانچ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔ انہوں نے کہا کہ محمد ولی بہت دعاؤں کے بعد پیدا ہوا تھا، اس واقعے نے ان کی دنیا اجاڑ دی۔

اہل خانہ کے مطابق وہ دو روز تک بچے کی تلاش کرتے رہے، جبکہ ان کا دعویٰ ہے کہ واقعہ مبینہ طور پر پڑوسی کے گھر میں پیش آیا اور انہیں وہاں داخل ہونے سے روکا گیا۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے ذاتی رنجش کا ذکر کیا، تاہم بچے کے والدین نے کہا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں اور وہ انصاف چاہتے ہیں۔

متاثرہ خاندان نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو سخت ترین سزا دی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button