دہلی ہائیکورٹ کا بڑا حکم، کاکروچ جنتا پارٹی کا ایکس اکاؤنٹ بحال کرنے کی ہدایت

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) دہلی ہائیکورٹ نے بھارتی وفاقی حکومت کو ہدایت جاری کی ہے کہ نوجوانوں کی سیاسی تنظیم کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر معطل کیا گیا اکاؤنٹ بحال کیا جائے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کاکروچ جنتا پارٹی کا ایکس اکاؤنٹ چند ہی روز میں تقریباً 2 لاکھ فالوورز حاصل کرنے کے بعد بند کر دیا گیا تھا، جبکہ یہ اکاؤنٹ ایک ماہ سے زائد عرصے سے معطل تھا۔
عدالت میں بھارتی حکومت نے مؤقف اختیار کیا کہ اکاؤنٹ پر کی جانے والی بعض پوسٹس ملک گیر میڈیکل کالج داخلہ امتحان کے دوبارہ انعقاد کے دوران بدامنی یا انتشار کا باعث بن سکتی تھیں۔ یہ امتحان سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے بعد دوبارہ لیا گیا تھا۔
حکومت نے سماعت کے دوران عدالت کو بتایا کہ اکاؤنٹ بحال کیے جانے پر اسے کوئی اعتراض نہیں، جس کے بعد دہلی ہائیکورٹ نے اکاؤنٹ بحال کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
کاکروچ جنتا پارٹی گزشتہ دو ہفتوں سے متبادل ایکس اکاؤنٹ کے ذریعے اپنے حامیوں سے رابطے میں ہے اور سوالیہ پرچہ لیک معاملے پر وفاقی وزیر تعلیم کے استعفے کے مطالبے کے لیے احتجاج بھی کر رہی ہے۔
پارٹی کے بانی ابھیجیت نے ایکس پر جاری بیان میں عدالتی فیصلے کو پارٹی، عوامی تحریک، آزادی اظہار اور ڈیجیٹل حقوق کی کامیابی قرار دیا۔
کاکروچ جنتا پارٹی خود کو سست اور بے روزگار افراد کی نمائندہ جماعت قرار دیتی ہے، جبکہ پارٹی کے مطابق اس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تقریباً 2 کروڑ 20 لاکھ فالوورز موجود ہیں۔



