پراپرٹی ٹیکس چوری روکنے کا بڑا فیصلہ، پنجاب بھر میں 12 سال بعد ڈیجیٹل سروے شروع کرنے کا اعلان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت نے 42 ارب روپے کے پراپرٹی ٹیکس ہدف کے حصول اور ٹیکس چوری کرنے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔
ایکسائز حکام کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں پراپرٹی ٹیکس چوری کی روک تھام کے لیے 12 سال بعد دوبارہ ڈیجیٹل سروے کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اربن یونٹ، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (پلرا) کے ڈیٹا کو مدنظر رکھتے ہوئے جی آئی ایس بیسڈ سروے کرے گا، جس کے ذریعے تمام غیر رجسٹرڈ، کم تخمینے والی اور ٹیکس سے باہر پراپرٹی یونٹس کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے گا۔
ڈیجیٹل سروے کا آغاز رواں ماہ لاہور کے زون 13 سے بطور پائلٹ پراجیکٹ کیا جائے گا، جبکہ پائلٹ منصوبے کی کامیابی کے بعد حکومتی فنڈز کی فراہمی پر اسے پورے پنجاب میں توسیع دی جائے گی۔
ایکسائز حکام کے مطابق اس وقت لاہور میں 9 لاکھ سے زائد جبکہ پنجاب بھر میں 25 لاکھ سے زائد پراپرٹی یونٹس سے پراپرٹی ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔
حکام کے پاس پنجاب بھر میں ٹیکس ایبل اور نان ٹیکس ایبل 45 لاکھ سے زائد یونٹس کا ریکارڈ موجود ہے، تاہم نئے سروے کے ذریعے مزید پراپرٹیز کو ٹیکس نظام میں شامل کیا جائے گا۔
ایکسائز حکام کے مطابق رواں سال 42 ارب روپے کے ٹیکس ہدف کے حصول کے لیے ڈیجیٹل سروے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد ٹیکس نظام کو جدید، شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔



