محسن نقوی کی سری لنکن ہم منصب سے ملاقات، انسداد منشیات اور جرائم کی روک تھام کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں سری لنکن وزیر داخلہ آنند وجے پالا سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک نے انسداد منشیات اور سکیورٹی تعاون مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں پولیس ٹریننگ کے شعبے میں باہمی تعاون بڑھانے، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور جعلی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے افراد کے خلاف مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے امیگریشن سربراہان اس حوالے سے فوری رابطہ کاری کریں گے تاکہ غیر قانونی سفری سرگرمیوں کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔

ملاقات میں جرائم پیشہ گروہوں کے نیٹ ورکس کے خاتمے اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے ممکنہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر بھی گفتگو ہوئی۔

دونوں وزرائے داخلہ نے وزارت داخلہ کی سطح پر تعاون بڑھانے کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا، جبکہ ویزا سے متعلق معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button