شہداء کے خون کا حساب لیا جائے گا، ایران اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا، محمد باقر قالیباف


تہران(ویب ڈیسک) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنے شہداء کے خون کا بدلہ لینے کے عزم پر قائم ہے اور سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کے ذمہ داروں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران کے نزدیک انتقام کا آخری مرحلہ یروشلم کی آزادی کے ذریعے مکمل ہوگا، جبکہ ملک اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ چار ماہ سے ایرانی عوام امریکا اور اسرائیل کے خلاف احتجاج اور نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے رہبر کے قتل میں ملوث عناصر سے انتقام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا کہنا تھا کہ ایران پر حملہ کرنے والوں اور شہداء کی ہلاکت کے ذمہ دار افراد کو اپنے اقدامات کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔
محمد باقر قالیباف نے مزید کہا کہ مذاکرات بھی ایران کی وسیع تر تہذیبی اور سفارتی جدوجہد کا حصہ ہیں، تاہم قومی مفادات اور شہداء کے خون پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔