ہڈاچھڑ شاخ میں پانی کی قلت، آبادگاروں کا ٹنڈوباگو۔بدین روڈ بلاک، احتجاجی دھرنا

ٹنڈوباگو(رپورٹ) ہڈاچھڑ شاخ کے آبادگاروں نے آبپاشی کے پانی کی شدید قلت کے خلاف ہڈاچھڑ شاخ کے مقام پر ٹنڈوباگو۔بدین روڈ پر احتجاجی دھرنا دے کر سڑک بلاک کر دی، جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی۔ احتجاج کرنے والے آبادگاروں کا کہنا تھا کہ ہڈاچھڑ شاخ کی بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث پانی کے بہاؤ میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں، جبکہ شاخ کے ٹیل تک پانی نہ پہنچنے سے سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی بنجر ہونے کے خطرے سے دوچار ہے۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ پانی کی مبینہ چوری اور غیرقانونی کٹوں کے خلاف متعلقہ محکمہ آبپاشی کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی، جس کے باعث ٹیل کے آبادگار شدید مالی نقصان اٹھا رہے ہیں۔ احتجاج کرنے والوں نے مطالبہ کیا کہ ہڈاچھڑ شاخ کی فوری صفائی کرائی جائے، پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے اور پانی کی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔



