عوام دشمن بجٹ، پانی کی قلت اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف ایس یو پی گھارو کی جانب سے احتجاج

ٹھٹھہ( جاوید لطیف میمن)سندھ یونائیٹڈ پارٹی (ایس یو پی) گھارو ضلع ٹھٹھہ کی جانب سے عوام دشمن بجٹ، پانی کی قلت اور بجلی کی شدید لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج ایس یو پی ڈسٹرکٹ ٹھٹھہ کے چیف آرگنائزر اعجاز احمد شیخ، تعلقہ میرپور ساکرو کے صدر اقبال لاسی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ 2027، 2028 کے پیش کیے گئے بجٹ میں سرکاری ملازمین، پنشنرز اور غریب عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا جب کہ سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے کوئی فنڈز مختص نہیں کیے گئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کا پیسہ پنجاب کو دیا گیا ہے جبکہ سندھ کو بنیادی سہولیات خصوصاً صحت کے شعبے میں تاحال شدید محرومی کا سامنا ہے۔

رہنماؤں نے ضلع ٹھٹھہ میں پانی کی شدید قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وقتاً فوقتاً اجلاس ہوتے رہتے ہیں، لیکن ان فیصلوں پر عمل درآمد نہیں ہوتا۔ بدین، ٹنڈو محمد خان اور ٹھٹھہ کے پسماندہ علاقوں میں پانی کی شدید قلت سے لوگ شدید پریشان ہیں، جانوروں کے لیے پینے کا پانی نہیں اور کھڑی فصلیں سوکھ رہی ہیں۔ انہوں نے گھارو شہر میں جاری غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ نے مبینہ ملی بھگت سے غیر قانونی لوڈشیڈنگ کرکے عوام کو مشکلات سے دوچار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی طویل بندش سراسر زیادتی اور ناانصافی ہے جس کا فوری نوٹس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button