سوئی گیس بحران کے بعد ایل پی جی بھی مہنگی، لاہور میں سرکاری نرخ غائب، شہری شدید پریشان

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) لاہور میں سوئی گیس کے کم پریشر اور قلت کے باعث ایل پی جی کی طلب میں اضافے کے ساتھ قیمتیں بھی بے قابو ہو گئی ہیں، جبکہ شہری سرکاری نرخوں کے بجائے کئی گنا زیادہ قیمت ادا کرنے پر مجبور ہیں۔

حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 241 روپے فی کلوگرام مقرر کی گئی ہے، تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں یہ 410 سے 460 روپے فی کلوگرام تک فروخت کی جا رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ لاہور کے کسی بھی علاقے میں ایل پی جی سرکاری نرخ پر دستیاب نہیں، جبکہ بیشتر دکاندار اپنی مرضی کے مطابق قیمتیں وصول کر رہے ہیں، جس سے گھریلو صارفین کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب ایل پی جی فروشوں کا مؤقف ہے کہ انہیں مڈل مین مہنگے داموں گیس فراہم کرتے ہیں، جس کے باعث سرکاری نرخ پر فروخت ممکن نہیں رہتی۔ ان کا کہنا ہے کہ خریداری کی قیمت زیادہ ہونے کے باعث وہ نقصان برداشت کرکے فروخت نہیں کر سکتے۔

شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

مزید خبریں

Back to top button