مکلی میں بجلی کے کم وولٹیج کا مسئلہ حل کرنے کی بڑی پیش رفت، کروڑوں روپے کے 15 ترقیاتی منصوبے تجویز

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) مکلی اور گردونواح میں بجلی کے کم وولٹیج اور بوسیدہ ترسیلی نظام کے مسائل کے حل کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں رکن قومی اسمبلی اور سابق وفاقی وزیر مملکت برائے فوڈ سیکیورٹی سید ایاز علی شاہ شیرازی کی سفارش پر حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) نے کروڑوں روپے مالیت کے 15 ترقیاتی منصوبے تجویز کر دیے ہیں۔
حیسکو کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کنسٹرکشن کی جانب سے 15 جون 2026 کو جاری مراسلے کے مطابق چیف انجینئر (P&E) نے SAP پروگرام کے تحت مکلی سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں لو ٹینشن (LT) بجلی کے نظام کی بحالی اور بہتری کے لیے ترقیاتی اسکیمیں تیار کی ہیں۔
منصوبوں میں لطیف میمن سوسائٹی، عباسی ہاؤس، منظور شاہ ہاؤس، سٹی اسکول، ڈی سی آفس پارک، کانسیپٹ اسکول، کبیر خاصخیلی، ڈی آئی جی ہاؤس، جیلانی ہاؤس، ذوالفقار شاہ، ڈاکٹر غنی ہاؤس، سرکا ہاؤس، کاکا میمن ہاؤس، کمبھار محلہ اور جیلانی درگاہ سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری شامل ہے۔
دستاویزات کے مطابق ان منصوبوں پر لاکھوں سے لے کر کروڑوں روپے تک لاگت آئے گی، جبکہ بعض اسکیموں کی مالیت ایک کروڑ روپے سے بھی زیادہ ہے۔ حیسکو حکام نے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر کو تمام مجوزہ منصوبوں کا موقع پر معائنہ، تصدیق اور جلد از جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ منظوری کے بعد عملی کام کا آغاز کیا جا سکے۔
علاقہ مکینوں نے سید ایاز علی شاہ شیرازی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ منصوبوں پر بروقت عملدرآمد سے کم وولٹیج، بجلی کی بار بار بندش اور ترسیلی نظام کے دیرینہ مسائل میں نمایاں بہتری آئے گی۔



