پاکستان اور امریکہ امن، اعتماد اور مشترکہ ترقی کے مضبوط شراکت دار ہیں، مریم اورنگزیب

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات باہمی اعتماد، امن اور مشترکہ ترقی پر مبنی ہیں، جبکہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دے رہے ہیں۔

امریکہ کے 250 ویں یومِ آزادی کے موقع پر حضوری باغ لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے امریکی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مشترکہ مفادات، اعتماد اور امن کی بنیاد پر استوار ہیں، جبکہ ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، سیاحت اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ حالیہ عرصے میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں اور مختلف شعبوں میں مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ان کے مطابق دنیا نے حالیہ دنوں میں سفارت کاری کی طاقت کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا، جس نے باہمی تعاون کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عالمی امن کے فروغ اور خطے میں استحکام کے لیے اہم کردار ادا کیا، جبکہ پاکستان امن، ترقی، باہمی احترام اور تعاون پر مبنی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button