پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کے بورڈ آف مینجمنٹ کا چیف جسٹس عالیہ نیلم کی خدمات کو خراجِ تحسین

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کے بورڈ آف مینجمنٹ کے 42 ویں اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اور چیئرپرسن بورڈ آف مینجمنٹ، جسٹس عالیہ نیلم کی جولائی 2024ء سے جولائی 2026ء تک کی دو سالہ قیادت کو "سنہری دورِ عدالتی عظمت” قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں منعقدہ اجلاس کی صدارت چیف جسٹس جسٹس عالیہ نیلم نے کی، جبکہ اجلاس میں جسٹس جواد حسن، جسٹس ملک محمد اویس خالد، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور اور حکومتِ پنجاب کے نمائندہ اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران جسٹس جواد حسن نے چیف جسٹس عالیہ نیلم کی بطور چیئرپرسن غیر معمولی خدمات، اصلاحاتی اقدامات اور پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کی ادارہ جاتی ترقی کے اعتراف میں اکیڈمی کے نیوز لیٹر کا خصوصی یادگاری ایڈیشن پیش کیا۔

بورڈ آف مینجمنٹ کے تمام اراکین نے متفقہ طور پر چیف جسٹس عالیہ نیلم کی دوراندیش قیادت، غیر متزلزل عزم اور اصلاحات پر مبنی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے عدالتی نظام اور جوڈیشل ٹریننگ کے فروغ کے لیے ان کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

اجلاس میں پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کے مختلف انتظامی اور تربیتی امور سے متعلق ایجنڈا آئٹمز پر بھی غور کیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے، جن کا مقصد جوڈیشل ایجوکیشن کو مزید مؤثر بنانا، جوڈیشل افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور ادارے کی مجموعی ترقی کو نئی سمت دینا ہے۔

اجلاس کے اختتام پر بورڈ آف مینجمنٹ کے اراکین نے گروپ فوٹو بنوایا اور چیف جسٹس عالیہ نیلم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مستقبل میں بھی عدالتی اصلاحات کے تسلسل کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button