اوکاڑہ بھر کے انچارجز انویسٹیگیشن کا خصوصی اجلاس،زیرِ تفتیش مقدمات کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ

اوکاڑہ(رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )پولیس آفیسر اوکاڑہ، ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی زیرِ صدارت ضلع بھر کے انچارجز انویسٹیگیشن کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں زیرِ تفتیش مقدمات، سنگین نوعیت کے کیسز کی پیشرفت، اشتہاری و عادی مجرمان کی گرفتاری، مفرور ملزمان کی ٹریسنگ، منشیات فروشوں، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری قانونی کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس کے دوران ڈی پی او اوکاڑہ نے ہر تھانے کی تفتیشی کارکردگی کا انفرادی جائزہ لیتے ہوئے زیرِ تفتیش مقدمات کو جلد از جلد یکسو کرنے، تفتیش کے معیار کو مزید مؤثر بنانے اور تمام قانونی تقاضے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے تمام انچارجز انویسٹیگیشن کو ہدایت کی کہ سنگین مقدمات کی تفتیش میرٹ، شفافیت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ مقررہ مدت میں مکمل کی جائے، مقدمات کے چالان بروقت عدالتوں میں جمع کروائے جائیں اور اشتہاری، عادی و مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اپنائی جائے انہوں نے مزید ہدایت کی کہ منشیات فروشوں، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز، مؤثر اور قانون کے مطابق کارروائیاں مزید تیز کی جائیں تاکہ جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔



