استنبول میں وزیراعظم شہباز شریف کی ترک سرمایہ کاروں سے اہم ملاقاتیں، پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی دعوت

استنبول(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے استنبول میں ترکیہ کے ممتاز کاروباری گروپوں اور صنعتی تنظیموں کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں کرتے ہوئے پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر، آئی ٹی، معدنیات، بحری امور، زراعت اور دیگر کلیدی شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی، جبکہ ترک سرمایہ کاروں نے پاکستان کی معاشی اصلاحات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے چالک ہولڈنگ کے چیئرمین احمد چالک، البیرک گروپ کے چیئرمین احمد البیرک اور یونین آف دی چیمبرز اینڈ کموڈیٹی ایکسچینجز آف ترکیہ (TOBB) کے صدر رفعت حصارسیکیعلو سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اب مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، حکومت سرمایہ کار دوست پالیسیاں، شفاف نظام اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے ترک کمپنیوں کو توانائی، کان کنی و معدنیات، انفراسٹرکچر، میری ٹائم، لاجسٹکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، مینوفیکچرنگ، زراعت اور نجکاری سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت اور ہر ممکن ادارہ جاتی تعاون فراہم کر رہی ہے۔

چالک ہولڈنگ کے وفد سے گفتگو میں وزیراعظم نے توانائی، انفراسٹرکچر، آئی ٹی اور نجکاری کے شعبوں میں موجود مواقع پر روشنی ڈالی اور کمپنی کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔

البیرک گروپ سے ملاقات میں انہوں نے پاکستان میں کمپنی کی دیرینہ خدمات کو سراہتے ہوئے بحری انفراسٹرکچر، بندرگاہوں کی جدیدکاری اور لاجسٹکس کے شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی۔

یونین آف دی چیمبرز اینڈ کموڈیٹی ایکسچینجز آف ترکیہ (TOBB) کے صدر سے ملاقات میں وزیراعظم نے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مستقل ادارہ جاتی روابط قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور ترک کاروباری وفد کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع کا براہِ راست جائزہ لیا جا سکے۔

اس موقع پر ترک کاروباری رہنماؤں نے حکومت پاکستان کی معاشی اصلاحات، سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور بہتر ہوتے ہوئے کاروباری ماحول کو سراہتے ہوئے پاکستان کی معیشت پر اعتماد کا اظہار کیا اور مختلف اسٹریٹجک شعبوں میں سرمایہ کاری اور طویل المدتی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button