گریڈ 17 کا جعلی افسر قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے گرفتار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے خود کو گریڈ 17 کا افسر ظاہر کرنے والے ایک مبینہ جعلساز کو گرفتار کر لیا گیا، جس کے قبضے سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا جعلی تقرر نامہ اور اسپیکر کے جعلی دستخطوں پر مشتمل دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔

قومی اسمبلی کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت گھوٹکی کے رہائشی عبدالواجد کے نام سے ہوئی ہے، جو خود کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا افسر ظاہر کر کے غیر قانونی مراعات اور پروٹوکول حاصل کرتا رہا۔

ترجمان نے بتایا کہ عوامی شکایات اور سوشل میڈیا پر معاملہ سامنے آنے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر فوری کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں ڈی جی ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ عبدالواجد کے پاس قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا جعلی تقرر نامہ موجود تھا، جس پر اسپیکر کے جعلی دستخط بھی کیے گئے تھے۔ حکام کے مطابق ملزم کا قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی اس کی تقرری کا کوئی سرکاری ریکارڈ موجود ہے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے واضح کیا ہے کہ اسپیکر، قومی اسمبلی یا کسی بھی سرکاری عہدے کے نام پر جعلی دستاویزات تیار کرنا سنگین جرم ہے۔ ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے منسوب کسی بھی دستاویز یا تقرری نامے کی تصدیق ضرور کریں تاکہ جعلسازوں سے محفوظ رہا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button