پنجاب میں ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانا مہنگا پڑے گا، چالان کے ساتھ موٹرسائیکل بھی بند، نیا ڈیجیٹل ای چالان سسٹم نافذ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے ) پنجاب حکومت نے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کرتے ہوئے ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کا صرف چالان ہی نہیں ہوگا بلکہ ان کی موٹرسائیکل بھی ایک روز کے لیے بند کر دی جائے گی۔

ٹریفک پولیس حکام کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے صوبہ بھر میں ہیلمٹ پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے اور آج سے اس قانون پر سختی کے ساتھ عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ لین لائن کی خلاف ورزی کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف بھی بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی۔

حکام کے مطابق گزشتہ ماہ صرف لین لائن کی خلاف ورزی پر 20 ہزار سے زائد موٹرسائیکلیں بند کی گئیں۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ٹریفک حادثات میں کمی لانا اور شہریوں کی قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین کے شفاف نفاذ کے لیے جدید ڈیجیٹل ای چالان سسٹم بھی متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے تحت ہر ٹریفک چالان ویڈیو اور تصاویر جیسے قابلِ تصدیق شواہد کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔

ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کے مطابق صوبہ بھر میں ٹریفک پولیس ٹریفک ون ایپ کے ذریعے چالان جاری کرے گی۔ شہریوں کو 8070 سے ایس ایم ایس موصول ہوگا، جس میں خلاف ورزی کی ویڈیو اور تصاویر کا لنک بھی شامل ہوگا، تاکہ وہ اپنے چالان کے تمام شواہد خود دیکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے نظام سے چالان کے عمل میں شفافیت، اعتماد اور مؤثر قانون نافذ کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ ای چالان نادہندگان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

مزید خبریں

Back to top button