شارٹ کٹ سیاست اور بلیک میلنگ سے اقتدار نہیں ملتا، شرجیل میمن کا ایم کیو ایم کو جواب

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ڈاکٹر فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم آج بھی عوامی مینڈیٹ کے بجائے شارٹ کٹ سیاست پر یقین رکھتی ہے اور وفاقی مداخلت جیسے معاملات کو سیاسی دباؤ کے لیے استعمال کرنا اس کی بلیک میلنگ کی سیاست کا واضح ثبوت ہے۔
اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم عوام کا اعتماد کھو چکی ہے اور اقتدار سے دوری کے باعث دوبارہ شارٹ کٹ تلاش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کے وسائل کو سیاسی سودے بازی کا ذریعہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
سینئر وزیر سندھ نے کہا کہ سندھ کے معاملات وفاق کے سپرد کرنے کی بات صوبائی خودمختاری اور وفاقی نظام کے خلاف ایک مذموم سوچ ہے۔ سندھ کوئی تجربہ گاہ نہیں جہاں کسی جماعت کی سیاسی کمزوری کا بوجھ عوام پر ڈالا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کو واضح مینڈیٹ دیا ہے، جسے نہ کسی پریس کانفرنس، نہ دھمکی اور نہ ہی سیاسی بلیک میلنگ کے ذریعے تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اگر ایم کیو ایم اقتدار میں زیادہ حصہ چاہتی ہے تو اس کا واحد راستہ عوام کے ووٹ سے ہو کر گزرتا ہے، وفاقی مداخلت یا آئینی اداروں کو سیاسی تنازعات میں گھسیٹنے سے اقتدار حاصل نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ وفاقی حکومت کا حصہ ہونے کے باوجود ایم کیو ایم کراچی کے لیے اپنے وعدوں پر عملدرآمد کیوں نہیں کرا سکی؟ فاروق ستار کو اپنی ناکامیوں کا ملبہ سندھ حکومت پر ڈالنے کے بجائے اپنے وفاقی اتحادیوں سے جواب طلب کرنا چاہیے۔
شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ سندھ کے آئینی اختیارات، صوبائی خودمختاری اور کراچی کے عوام کے مینڈیٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، جبکہ سندھ حکومت کراچی سمیت پورے صوبے میں ترقی، عوامی خدمت اور آئینی بالادستی کے مشن کو پوری قوت سے جاری رکھے گی۔



