صدر آصف زرداری کی سابق اسسٹنٹ پولیٹیکل سیکرٹری فوزیہ حبیب انتقال کر گئیں، سیاسی رہنماؤں کا اظہارِ افسوس


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)سابق وفاقی وزیر اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی سابق اسسٹنٹ پولیٹیکل سیکرٹری فوزیہ حبیب انتقال کر گئیں، جس پر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
مرحومہ فوزیہ حبیب کی نمازِ جنازہ 5 جولائی بروز اتوار رات 10 بجے اسلام آباد کے ایچ-8 قبرستان میں ادا کی جائے گی، جہاں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کی قیادت نے فوزیہ حبیب کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں پارٹی قیادت اور کارکن سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے، ان کی آخری منزلیں آسان کرے اور انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر شہزاد سعید چیمہ نے بھی مرحومہ کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ فوزیہ حبیب کے درجات بلند فرمائے اور اہلِ خانہ کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔