مٹھی میں صحابہ کرامؓ کی شان میں گستاخی کے خلاف اہلسنت علماء کا احتجاج

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے)ضلع تھرپارکر کے شہر مٹھی میں صحابہ کرامؓ کی شان میں مبینہ گستاخی کے خلاف اہلسنت علماء اور کارکنان نے کشمیر چوک پر پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرے کی قیادت تحریک لبیک سندھ کے رہنما مولانا پیر عمر جان سرہندی، جماعت اہلسنت مٹھی کے رہنما مفتی علی نواز جھاگورو اور سنی رابطہ کونسل تھرپارکر کے ضلعی صدر محمد خان ماویہ نے کی۔ احتجاج میں بڑی تعداد میں افراد شریک ہوئے، جن میں علماء کرام، سیاسی و سماجی شخصیات اور عام شہری شامل تھے۔ مظاہرین نے مبینہ گستاخی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار افراد کے خلاف فوری اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ صحابہ کرامؓ کا احترام ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی بے حرمتی ناقابل قبول ہے۔ احتجاج کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود رہی۔ مظاہرہ پرامن انداز میں جاری رہا اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال معمول کے مطابق رہی۔



