نوکوٹ کے قریب تیز رفتار کار الٹ گئی، ذاکر علی نہڑیو جاں بحق

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) عمرکوٹ سے نوکوٹ آتے ہوئے قلعے کے قریب ایک تیز رفتار کار الٹنے کے نتیجے میں ڈاکٹر الہرکھیو نہڑیو کے صاحبزادے اور ڈاکٹر ذوالفقار علی نہڑیو کے بھائی ذاکر علی نہڑیو جاں بحق ہوگئے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ رات گئے پیش آیا، جس میں ذاکر علی نہڑیو شدید زخمی ہوگئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
اطلاع ملتے ہی وڄوٹو پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر مٹھی اسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد میت ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ گاڑی کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جبکہ گاڑی مرحوم خود چلا رہے تھے۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ اور تدفین ان کے آبائی گاؤں لیاکڑو میں ادا کی گئی۔
ذاکر علی نہڑیو کی اچانک وفات پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے۔ مختلف سماجی، سیاسی اور علمی شخصیات نے ڈاکٹر الہرکھیو نہڑیو اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔



